حکومت قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کیلئے خصوصی مراعات کی پالیسی پر کام کررہی ہے،وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خصوصی مراعات کی پالیسی پر کام کر رہی ہے جو قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔وہ منگل کی شام اسلام آباد میں پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ اب تارکین وطن پاکستانیوں کے خاندان ملک بھر میں پانچ سو نامزد ڈاکخانوں کے نیٹ ورک کے ذریعے ترسیلات زر وصول کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا اور اب ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی ملک کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہوں نے اپنے مادر وطن کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید اور ان کی ٹیم کو پاکستان پوسٹ کو جدید بنانے اور اس کی آمدنی کو اگلی سطح پر پہنچانے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ یا ادارہ میرٹ کی پالیسی اپنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے جو خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے ضروری ہے۔قبل ازیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا ملک میں سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر اقدام صرف آغاز ہے اور پاکستان پوسٹ اگلے سال پاکستان پوسٹ بینک کے نام سے ملک کا سب سے بڑا بینکنگ نیٹ ورک پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا نیٹ ورک اگلے سال موجودہ بارہ سے بڑھا کر 27,000 مقامات تک بڑھایا جائے گا۔مراد سعید نے کہا کہ اکلے مرحلے میں تارکین وطن پاکستانیوں کو پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی۔