پاک فوج دفاع اور ملکی سلامتی کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، آرمی چیف

بہاولپور: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں سے جرنیلوں تک سب بھرپور تربیت یافتہ ہیں اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کے قریب اسٹرائیک کور کا دورہ کیا، سپہ سالار نے ائیر فورس اور رائل سعودی فورس کی مشترکہ سرمائی تربیتی مشقیں دیکھیں، مشق میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور رائل سعودی لینڈ فورس کے دستے نے بھی حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بری اور فضائی افواج کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کے مظاہرے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگ میں پاک فوج کی اسٹرائیک کور کا کردار اہم اور فیصلہ کن ہوتا ہے، مشق سے اسٹرائیک کور کو بے پناہ صلاحیتیں آزمانے کا موقع ملا اور یہ مشقیں جنگی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہیں۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ سپاہی سے لے کر جنرل تک پاک فوج حربی صلاحیتیوں سے لیس بہترین تربیت یافتہ فورس ہے، پاک فوج دفاع اور ملکی سلامتی کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، مسلح افواج پاکستان کو درپیش کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنےکے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

شیئرٹویٹ