پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

کراچی : پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا، لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے789 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

تفصیلات کے مطابق لاہورسے ٹورنٹو کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے بعد کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی.

اجازت ملنے کے بعد کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا۔طیارے میں دو سوسے زائد مسافر سوار تھے، جو محفوظ رہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں فنی خرابی کی نشاندہی پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جس کے بعد طیارے کی فنی خرابی دور کرکے پرواز کو ٹورنٹو کیلئے روانہ کردیا گیا۔