آج نوازشریف کو جانے دیا تو کل آصف زرداری بھی جانے کا کہیں گے، فواد چودھری

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ نوازشریف کی صحت پرسیاست نہ کرے اورواپسی کی گارنٹی کا بندوبست کرے، بغیرکوئی لائحہ عمل اختیارکئے انہیں باہربھیجنا عملی طورپرناممکن ہے،

آج نوازشریف کو بغیر شرط پر جانے دیں گے تو کل آصف زرداری اور خورشید شاہ سمیت دیگر ملزمان بھی کہیں گے بغیر شرط کے بیرون ملک جانے دیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کوئی ایسی گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہوکر وہ واپس آجائیں گے، وہ وطن واپس آئیں گے تو ان کے پیسے انہیں واپس مل جائیں گے،

اگر کل عدالت پیش کرنے کاحکم دیتی ہے تو گارنٹی ہونی چاہیے، ہاں اگر عدالت خود ای سی ایل سے نام نکال دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، اسحاق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کراتے رہے، حسین نواز اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے مثال قائم کرنی ہے اور توازن قائم کیا ہے، یہ مثال باقی لوگوں کے لئے بھی ہوگی، نوازشریف کی مثال آصف زرداری اورکئی دیگرملزمان کے لیے بھی کافی ہے، شریف فیملی میں مسلم لیگ کی لیڈرشپ کی جنگ جاری ہے، شہباز شریف، مریم نواز اور خواجہ آصف نواز شریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں۔