تیسرا ٹی ٹوئنٹی؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی آدھی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی

پرتھ: تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کپتان بابراعظم نے کیا۔

دونوں اوپنرز نے خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیا اور صرف 15 رنز پر کپتان بابراعظم 6 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر آوٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر ون ڈاؤن آنے والے محمد رضوان بھی بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 22 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث سہیل تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے جب کہ 69 کے مجموعی اسکور پر ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ بھی 8 رنز بناکر چلتے بنے۔

قومی ٹیم میں آخری ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان آصف علی، وہاب ریاض اور محمد عرفان کی جگہ امام الحق، خوشدل شاہ، موسی خان اور محمد حسنین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا کو ڈراپ کرکے ایبٹ اور اسٹین لیک کو شامل کیا گیا ہے۔

آج کا میچ قومی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، میچ جیتنے کی صورت میں ٹی 20 سیریز برابر ہو جائے گی جب کہ ہارنے کی صورت میں آسٹریلیا 0-2 سے سیریز اپنے نام کرلے گا۔