نوازشریف سروسز اسپتال سے جاتی امرا پہنچ گئے

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف سروسز اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف سروسز اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد جاتی امرا پہنچ گئے ہیں، نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور صاحبزادی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں، اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر مبارکباد دی جب کہ والدہ بیگم شمیم نے دونوں بیٹوں اور مریم نواز کو گلے لگا کر پیار کیا اور دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی میرے بچوں کو ہر مصیبت سے بچائے اور ان کی مشکلات آسان کرے۔

گزشتہ روز مریم نواز کے روبکار جاری نہیں ہوسکے تھے جس کے باعث نوازشریف کی شریف میڈیکل سٹی میں منتقلی کا پروگرام ملتوی کیا گیا تھا تاہم آج مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے روبکار جاری ہونے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔