روایتی کنکریٹ سے 9 گنا مضبوط، لچک دار کنکریٹ ایجاد کرلیا گیا

ماسکو: روسی سائنسدانوں نے ایک ایسا کنکریٹ ایجاد کرلیا ہے جو مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ خاصی لچک بھی رکھتا ہے، جس کی وجہ سے عام کنکریٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ دباؤ برداشت کرسکتا ہے اور ٹوٹتا بھی نہیں۔

عام کنکریٹ کو مضبوط بنانے کےلیے اس میں خالص سیمنٹ استعمال کیا جاتا ہے لیکن نئے کنکریٹ میں سیمنٹ کی مقدار 60 فیصد کردی گئی ہے جبکہ باقی 40 فیصد میں چاول کا چھلکا، چونے کے پتھر کی کرشنگ سے بچ رہنے والی باقیات اور سلیکا ریت شامل کردیئے گئے ہیں۔

نتیجتاً دو باتیں ہوئیں: پہلی یہ کہ اس طرح بننے والے کنکریٹ کی مضبوطی روایتی کنکریٹ جیسی ہی رہی؛ اور دوسری یہ کہ اس میں لچک بھی آگئی جس کے باعث یہ عام کنکریٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ دباؤ برداشت کرسکتا ہے اور ٹوٹ کر بکھرنے کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

تجربات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ نیا کنکریٹ، روایتی سیمنٹ کے مقابلے میں 6 سے 9 گنا زیادہ دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے؛ جس کے بعد اس میں دراڑیں پڑنا شروع ہوتی ہیں۔

یہ کارنامہ روس کی ’’فار ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی‘‘ میں واقع ملٹری اسٹڈیز سینٹر کے سائنسدانوں نے انجام دیا ہے جو ایک ایسا تعمیراتی مادّہ تیار کرنا چاہتے تھے جو کم خرچ ہونے کے علاوہ اتنا مضبوط بھی ہو کہ زلزلے کے خلاف مزاحمت رکھنے والی عمارتوں کو اور زیادہ محفوظ بنا سکے۔