شام اور ترک سرحد کے نزدیکی علاقے میں بم دھماکے سے 13 افراد ہلاک

تل ابیض: شمالی شام میں ترکی کے حمایت یافتہ گروہ کے زیر انتظام علاقے میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں 13 شہری ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی شام کے شہر تل ابیض میں ترک حکومت کی حمایت یافتہ گروہ کے زیر انتظام علاقے میں واقع ایک پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 13 شہری ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ترک حمایت یافتہ فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

شام میں ترک فوج کی کارروائی میں درجنوں کرد جنگجو ہلاک تل ابیض میں ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے حملے کی ذمہ داری کرد جنگجوؤں پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ترکی فوج نے آپریشن شروع کیا تھا۔ دنیا کو اب دیکھ لینا چاہیئے کہ کون دہشت گردی میں ملوث ہے۔

ترکی نے امریکا سے مذاکرات کے بعد کردوں کے خلاف فوجی آپریشن روک دیا واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں شمالی شام کے علاقوں تل ابیض اور راس العین میں ترک فوج نے چڑھائی کرتے ہوئے درجنوں کرد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا تاہم امریکی مداخلت پر ترکی نے کرد جنگجوؤں کو 400 کلومیٹر کا علاقہ خالی کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیئے جانے کے باوجود فریقین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔