کرتار پور راہداری کی تعمیر اور گوردوارے کی آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل

لاہور: دنیا میں سکھوں کے سب سے بڑے گوردوارے شری دربار صاحب کرتارپور کی توسیع،آرائش وتذئین اور راہداری کی تعمیر کے پہلے مرحلے کا کام 100 فیصد مکمل ہوگیا ہے۔

پاکستان نے 28 نومبر 2018 میں کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا اور اب ایک سال مکمل ہونے سے قبل یہاں کارسیوا کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اب یہ دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ ہے۔ گوردوارہ صاحب میں لنگرخانے، سرائے، تالاب، عبادت کے لیے ہال سمیت وسیع وعریض صحن کی نوک پلک بھی سنواری جاچکی ہے۔

گوردوارہ دربارصاحب سے چند فرلانگ کے فاصلے پر اور پاک بھارت زیرولائن کے قریب امیگریشن سینٹر کی عمارت بھی مکمل ہے اور یہاں امیگریشن اورکسٹم کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

امیگریشن سینٹر کے سامنے 150 فٹ اونچے پول پر پاکستان کا قومی پرچم لہرا رہا ہے جسے بھارت کے ڈیرہ بابا نانک سے بھی آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی مہمانوں کو زیرولائن سے دربار صاحب تک لانے کے لیے بسیں بھی تیارہیں۔