فرانس سے ٹرک میں چھپے 31 پاکستانی تارکین وطن برآمد، ٹرک ڈرائیور کا تعلق کہاں سے نکلا؟

نیس: فرانس کے جنوبی شہر میں ٹرک میں چھپ کر ملک میں داخل ہونے والے 31 پاکستانی تارکین وطن کو برآمد ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔فرا نسیسی خبررساں ادارے ”کی رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کا تعلق بھی پاکستان سے تھا ۔

فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ اطالوی سرحد کے قریب موٹر وے پر معمول کی چیکنگ کے دوران 31 پاکستانی تارکین وطن کو برآمد کیا گیا۔تارکین وطن میں 3 نابالغ افراد بھی شامل ہیں تاہم امیگریشن قوانین کے تحت تمام تارکین وطن کو اطالوی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

فرانس کے جنوب مشرقی شہر نیس کے پراسیکیوٹر آفس نے کہا کہ ‘ ہم تارکین وطن کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی کوشش کریں گے جیسے ہم عموماً ایسے کیسز میں کرتے ہیں’۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد مشتبہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تھا

۔برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ جبکہ ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا۔واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے بتایا تھا کہ بندرگاہ کے نزدیک کنٹینر ٹرک سے ملنے والے تمام 39 افراد کی لاشوں کا تعلق چین سے ہے۔