کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے، کپتان ویمنز کرکٹ ٹیم

لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کھیل میں سیاست آگئی ہے تاہم کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کی ون ڈے سیریز کی ٹرافی رونمائی کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ایک روزہ سیریز بھی اپنے نام کرنے کے لیے پر امید ہیں، ٹارگٹ ون ڈے سیریز جیتنا ہے جس کے لیے 3 تبدیلیاں کی ہیں، فٹنس کی وجہ سے انعم کو ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ ڈیتھ آورز میں ثنا سمیت ڈیانا بیگ شامل ہیں۔

بسمہ معروف نے کہا کہ بھارت سے سیریز کھیل کر ہم ایک دوسرے کا مقابلہ کرتے ہیں، بھارت کے ساتھ صرف ورلڈ کپ میں میچز ہوتے ہیں، بھارت سے میچز زیادہ ہوں تو دونوں ٹیموں کو فائدہ ہوگا، بدقسمتی سے کھیل میں سیاست آگئی ہے، کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔