آصف زرداری اور فریال تالپور کی جیل میں اے کلاس کی درخواست مسترد

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کردیں۔احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستوں کی سماعت کی۔

آصف علی زرداری کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف علی زرداری دل کے مریض ہیں، آئین کے تحت سابق صدر کی حیثیت سے عمر بھر کے لئے انہیں تمام سہولیات حاصل ہیں، یہ انتظامیہ کا معاملہ نہیں، ہم بھیک نہیں مانگ رہے ہیں۔ وکیل نے فریال تالپور کی راہداری ریمانڈ کی بھی درخواست دائر کی۔

عدالت نے سماعت کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کردیں تاہم ملزمان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے اور وکلاء و اہل خانہ سے ملاقاتوں کی درخواستیں بھی منظور کرلیں۔

عدالت نے سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کی درخواست بھی خارج کرتے ہوئے انہیں متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں