وزیراعظم عمران خان سے خوراک اور صحت کے شعبوں سے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کی ملاقات

واشنگٹن(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے خوراک اور صحت کےشعبوں سے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے یہاں پاکستانی سفارت خانے میں ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والے سرمایہ کاروں میں ٹیکساس سے اسلم خان، ڈاکٹرباسط جاوید، ڈاکٹر عابد شیخ اور ڈاکٹر مبشر چوہدری شامل تھے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر بحری امور علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقارعباس بخاری بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

سرمایہ کاروں نے خوراک کے شعبہ میں اور پاکستان میں صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے باالخصوص دیہی علاقوں اور سپیشلائزڈ شعبوں میں طبی سہولیات کے دائرہ کار کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا بھی تبادلہ کیا۔

انہوں نے اس خیال کا بھی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح پاکستانی نژاد فزیشن پاکستان میں واپس جاکر کمیونٹی کی مدد کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے صحت کے شعبہ میں تجویز کردہ اقدامات کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کے کردار اور پاکستان کی سماجی، اقتصادی ترقی کیلئے ان کے عزم کو سراہا ۔ وزیراعظم نے انہیں اس سلسلے میں بھرپور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں