جج ارشد ملک کی ویڈیو شریف خاندان کو لے کر ڈوبے گی،شیخ رشید

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے ایک بادشاہ نے زور دیا کہ نواز شریف کو جانے دو مگر عمران خان نے صاف انکار کر دیا۔

شیخ رشید نے یہ پیش گوئی بھی کی جج کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو شریف خاندان کو لے کر ڈوبے گی.انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے ن لیگ کو تباہ کر دیا، مریم پارٹی کے لیے پورس کا ہاتھی ثابت ہوں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر احتساب عدالت کے فیصلے ختم ہوئے تو پھر نواز شریف کو دونوں مقدموں میں سزا ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خزانہ خالی کرنے والے چور ڈاکو عظیم عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، عدلیہ اور فوج کو الزام دے کر یہ ٹارزن نہیں بنیں گے بلکہ ٹکٹکی پر چڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں ایک ڈھیل گروپ ہے اور ایک جوڈو کراٹے گروپ، جوڈو کراٹے گروپ کو روند دیا جائے گا۔

شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ملک کے بادشاہ نے زور دیا کہ نواز شریف کو جانے دو مگر عمران خان نے صاف انکار کر دیا، بعد میں اس بادشاہ نے اپنے ملک جا کر کچھ ارب ڈالرز بھیج دیئے۔ان کا کہنا تھا عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ ان لوگوں کو جانے دیں اور سُکھ سے حکومت کریں لیکن وہ نہیں مانے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملنے جا رہے ہیں، اللہ خیر کرے دونوں کا مزاج ایک جیسا ہے۔