محراب پور: گرلز ڈگری کالج کے قریب نوجوان وکیل پر حملہ، تشدد کرکے لہولہان کردیا،ملزمان فرار

محراب پور(نامہ نگار) ہالانی لنک روڈ پر گرلز کالج محراب پور کے قریب مسلح افراد عدالت سے واپس آنے والے نوجوان وکیل صابر سموں ایڈووکیٹ کی کار روک کر لوہے کی سلاخوں اور ڈنڈوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

زخمی وکیل کوفوری طور پر تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیاجہاں پر طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں نواب شاہ اسپتال منتقل کردیا گیاوکلاء کو اطلاع ملنے پر وکلاء برادری کثیر تعداد میں اسپتا ل پہنچ گئی

محراب پور پولیس کے ایس ایچ او راحم حسین واسوانو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ زخمی وکیل کی نشاندہی کئے گئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کررہے ہیں متاثر وکیل صابر سموں نے بتایا کہ مجھ پر حملہ کرنے والوں کا تعلق جمالی برادری سے ہے جن سے زمین کا تنازعہ عدالت میں چل رہا ہے

دوسری جانب تعلقہ بار ایسوسی ایشن محراب پور کے صدر لطف اللہ سیال، عرفان انجم کمبوہ ایڈووکیٹ ، علم الدین علیم ایڈووکیٹ ، آصف جاوید رندھاوا ایڈووکیٹ ، سید کاشف شاہ ایڈووکیٹ ودیگر وکلاء نے کہا کہ ہم اپنے وکیل بھائی کیساتھ ہیں محراب پور پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صابر سموں ایڈووکیٹ پر بیہمانہ تشدد کرنے والے ملزمان کو فوری طور گرفتار کیا جائے انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو وکلاء برادری کو احتجاج کی کال دینگے۔