عالمی طاقتوں کی گریٹ گیم، کسی بھی ملک میں مارشل لا لگایا جاتا ہے، مولانا فضل الرحمٰن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کی سازش اور گریٹ گیم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں کسی بھی ملک میں مارشل لا لگایا جاتا اور اپنے مفادات حاصل کیے جاتے ہیں۔ کسی بھی فوجی آمر کو ملک پر قبضہ کرنے کے لیے باقاعدہ فضا پیدا کی جاتی اور اس کے لیے ماحول پیدا کیا جاتا ہے تاکہ عوام اسے ویلکم کریں اور پھر وہ اس فوجی آمر سے وہ کام لیں جو کسی جمہوری حکمران سے نہیں لیے جا سکتے۔یہی وجہ ہے کہ جنرل ایوب خان کو ملک پر مسلط کر کے پاکستان کے تین دریا بیچ دیے گئے،جبکہ یحییٰ خان کو ملک پر نافذ کر کے ملک کو دولخت کرا دیا گیااور جب امریکہ نے افغانستان میں گھسنے کا پلان بنا لیا تھا تو اس گریٹ گیم کے لیے جنرل ضیا الحق کو استعمال کیا گیااور جب دہشت گرد کی آڑ میں کچھ اور حاصل کرنا تھا تو اس کام کے لیے جنرل مشرف سے بڑھ کر عالمی طاقتوں کو اور کوئی بندہ موزوں نظر نہیں آیا۔