بھارت کو پاکستان کے ساتھ کشیدگی مہنگی پڑ گئی،’ ایئر انڈیا ‘کو ناقابل یقین نقصان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث پاکستان نے اپنی فضائی حدود تمام پروازوں کیلئے بند کر دی تھیں تاہم بعدازاں ملکی پروازوں کو فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی لیکن غیر ملکی پروازوں پر تاحال پابندی ہے جس کے باعث بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا کو اب تک مجموعی طور پر 60 کروڑ روپے نقصان برداشت کرنا پڑ گیاہے اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے جبکہ بھارت کیلئے امریکہ کیلئے ڈائریکٹ فلائٹ یعنی ” نان سٹاپ “ پرواز چلانا بھی ناممکن ہو چکا ہے ۔

ایئر انڈیا کی واشنگٹن ، شکاگو اور نیو یارک کیلئے پروازیں سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ وہ اب نان سٹاپ نہیں رہیں ، امریکہ اور یورپی ممالک جانے والی پروازوں کو بھارتی ریاست گجرات سے ہو کر بحیرہ عرب میں داخل ہونا پڑتا ہے اور انہیں شارجہ یا ویانا میں ری فیولنگ کیلئے رکنا پڑتا ہے ۔

ہر مرتبہ ری فیولنگ پر بھارتی ایئر لائن کو 50 لاکھ روپے کا اضافہ خرچہ برداشت کرنا پڑتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ویانا میں انہیں انجینئرنگ کا عملہ بھی تعینات کرنا پڑا ہے ۔

امریکہ کیلئے ایئر انڈیا کی پرواز کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ یورپ جانے والی پروازوں کا بھی دورانیہ 2 گھنٹے بڑھ گیا ہے ،پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کے باعث اسے برمنگھم اور میڈرڈ کی پروازیں بند کرنا پڑ گئیں ہیں ۔