عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں، شیخ رشید

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو دو بار معاف کیا ہے لیکن تیسری بار معاف نہیں کروں گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ میں نے نواز شریف، مریم نواز اور آصف زرداری کو این آراو مانگتے ہوئے نہیں سنا لیکن شہباز شریف کو این آر او مانگتے ہوئے دیکھا ہے۔

شہبازشریف نے اپنے لیے این آر او لیا یا نہیں یہ مجھے نہیں پتا۔ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیلنا جانتے ہیں۔ شہباز شریف کے این آر او مانگنے کے معاملے پر مناظرہ بھی کرسکتا ہوں، ہار گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں، چور، ڈاکو اور لٹیرے منہ چھپائے پھر رہے ہیں، یہ لوگ حکمران ہوں تو ٹارزن بنے پھرتے ہیں لیکن 4 دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، نا انہیں پاکستان کی دوائیں پسند ہیں، نہ ڈاکٹر اور اسپتال۔

ان کا صرف ایک ہی مسئلہ ہے کہ انہیں ضمانت مل جائے۔ ان کا ایشو ہے کہ مال کمانا اور لندن جانا ہے، پیپلز پارٹی والے چاہتے ہیں ان کے سارے کیس سندھ میں لگیں جب کہ ن لیگ والے چاہتے ہیں ان کے کیس لاہور میں لگیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بختاور یا مریم کچھ بھی کہیں، میرےلیے مناسب نہیں کہ انہیں جواب دوں، پیپلز پارٹی میں اچھے لوگ بھی ہیں ، اعتزازاحسن اورلطیف کھوسہ نے بغیرفیس کے پاناما کیس کی تیاری میں میری مدد کی،

بختاور میری بیٹی کی طرح ہے، اس کی بات کا جواب نہیں دوں گا، بلاول نے مجھ پر 2 مرتبہ حملے کیے اور دونوں مرتبہ میں نے معاف کیا لیکن تیسری دفعہ کے بعد گنجائش نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں