لیپ ٹاپ اسکیم؛ پنجاب حکومت نے شہباز شریف پر کرپشن الزامات بے بنیاد قرار دیدیے

لاہور: پنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ کرپشن کیس میں شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔

لیپ ٹاپ کرپشن کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات کو پنجاب حکومت نے بے بنیاد قرار دیدیا، محکمہ ہائر ایجوکیشن کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز حکومت نے 2012 سے 2017 کے درمیان 4 لاکھ 14 ہزار 848 لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے،

لیپ ٹاپس کی تقسیم پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کے مطابق کی گئی اور سب سے کم بولی والی فرم منتخب کی گئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ بات درست نہیں کہ لیپ ٹاپ تقسیم میں سیاستدان اور بیوروکریٹس بدعنوانی کے مرتکب ہوئے اور یہ الزام بھی درست نہیں کہ ہزاروں کی تعداد میں لیپ ٹاپ غائب کیے گئے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب لاہور نے گزشتہ سال مارچ سے ایک انکوائری شروع کررکھی ہے مگر ابھی تک ایک فرد بھی بدعنوانی میں ملوث نہیں پایا گیا۔