پاکستان نے اپنا ہائی کمشنر واپس بھارت بھیجنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (زرائع) پاکستان نے امن کی جانب یکطرفہ طور پر ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے آئندہ چند دنوں میں اپنا ہائی کمشنر واپس بھارت بھیجنے کا اعلان کردیا. اس کے ساتھ یہ بھی باور کروایا ہے کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے معاہدے پر باہمی مذاکرات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

زرائع کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود حکومت سے مشاورت کے بعد 7 مارچ کو بھارت کے دارالحکومت دہلی کے لیے روانہ ہوں گے جس کے بارے میں پاکستان میں موجود بھارت کے قائم مقام ہائی کمشنر گورواہلووالیا کو بھی آگاہ کیا جاچکا ہے۔

مذکورہ اعلان گزشتہ دنوں پاکستان کی حدود میں بھارتی دراندازی کی کوشش کے جواب میں پاکستان کی جانب سے 2 بھارتی طیارے تباہ کرنے اور پائلٹ کو گرفتار کر کے بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے طور پر رہا کرنے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا۔

خیال رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان مزید کشیدگی تو کم ہوئی لیکن بھارت کے رویے میں اب تک کوئی لچک دیکھنے میں نہیں آئی جبکہ حکومتِ پاکستان نے یکطرفہ طور پر ہائی کمشنر کی واپسی کا بھی اعلان کردیا۔