پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا، بھارتی میڈیا

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی میڈیا نے زہر افشانی کی ہے کہ پاکستان میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو دوران حراست ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کردیا تاہم بھارتی میڈیا سے اپنے ہی پائلٹ کا پاکستان میں دیا گیا بیان ہضم نہیں ہورہا،

بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی نندن نے بھارتی فضائیہ کے حکام سے ملاقات میں بتایا کہ دوران حراست پاکستان میں اسے ذہنی تشدد کا نشانا بنایا گیا تاہم اس پر کوئی جسمانی تشدد نہیں کیا گیا۔

ابھی نندن کو جب بھارت کے حوالے کیا گیا اس وقت بھارتی اہلکاروں نے ہاتھوں میں بندوقیں تھام رکھی تھیں جیسے فضائیہ کے ونگ کمانڈر کی بجائے کسی مجرم کو لے جایا جارہا ہو جب کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو آزادی سے پریڈ کے دوران سے بارڈر تک جانے دیا تھا۔