رواں سال کےپہلے7 ماہ میں درآمدات کم، برآمدات بڑھ گئیں،اعلامیہ

کراچی (ویب ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہوا ۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق درآمدات میںکمی سے تجارتی خسارے میں ساڑھے9 فیصد سے زائدکمی آئی ہے۔ادارہ شماریات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری تجارتی خسارہ 9 اعشاریہ 66 فیصد کم ہوا جب کہ 7 ماہ میں برآمدات 13 ارب 23 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 2 اعشاریہ 24 فیصد اضافہ ہوا۔ اعلامیے کے مطابق پہلے 7 ماہ میں درآمدات کا حجم 32 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا اور گزشتہ سال کے مقابلے میں درآمدات میں 5 اعشاریہ 17 فیصد کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ جنوری 2019 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا اور جنوری 2018 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ میں تجارتی خسارہ 31 اعشاریہ 74 فیصد کم ہوا۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جنوری میں برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں جب کہ گزشتہ ایک ماہ میں درآمدات 4 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں جس میں جنوری 2018 کے مقابلے میں 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔