سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی:وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ملکی استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بارے میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری خصوصا ٹیکنالوجی کی منتقلی ملکی استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹیٹ بنک کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جبکہ گزشتہ حکومت کے دور میں اسی مدت کے دوران بیالیس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں دوگنا اضافہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور دنیا کے ملکوں کا تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ملائیشیا سمیت دوست ملکوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری اور ان ملکوں کی مستقبل کی متوقع سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا گیا۔عمران خان کو سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گاے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صنعتی تعاون کا یونٹ قائم کردیا گیا ہے۔ہاؤسنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی یونٹ قائم کئے گئے ہیں تمام وزارتوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کی ذمہ داری سیکرٹری کی سطح کے افسر کو سونپنے کے حوالے سے ایک تجویز پر بھی غور کیا گیا۔وزیرخزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دوسرے اعلی عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔