ٹریفک قوانین کے “پاسدار” ڈرائیوروں پر سے جرمانہ ختم کرنے کا منصوبہ

دبئی(العربیہ ڈاٹ نیٹ)پولیس کی جانب سے رواں ہفتے “ٹریفک خلاف ورزیوں کا تصفیہ” نام سے ایک نیا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت جن گاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک چالان جاری ہو چکے ہیں وہ سال بھر تک ٹریفک قوانین کی پاسداری اور خلاف ورزیوں کے عدم ارتکاب کے ذریعے جرمانے کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں۔

اس بات کا اعلان دبئی پولیس کے انسپیکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ المری کے مطابق یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی جانب سے 2019 کو روادری کے سال کے طور پر منانے کا حصّہ ہے۔

المری نے مزید بتایا کہ ” ٹریفک خلاف ورزیوں کا تصفیہ” منصوبے میں دبئی میں مرتکب تمام ٹریفک خلاف ورزیاں شامل ہوں گی۔

دبئی پولیس کے سربراہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ سڑک کا استعمال کرنے والوں کی جانوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے گا اور دبئی کی سڑکوں کو حادثات سے پاک کر دے گا۔ علاوہ ازیں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے سبب گاڑی چلانے والوں پر عائد چالان کے مالی بوجھ بھی کم ہوں گے۔

چالان کے جرمانوں کی رقم درج ذیل طریقے پر کم کی جائے گی:

* 3 ماہ کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر چالان کی رقم میں 25% کی کمی.

* 6 ماہ کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر چالان کی رقم میں 50% کی کمی.

* 9 ماہ کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر چالان کی رقم میں 75% کی کمی.

* 12 ماہ کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر چالان کی رقم میں 100% کی کمی.

دبئی پولیس کے مطابق مذکورہ منصوبے کے تحت رعائت صرف افراد کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے ہو گی۔ عام کمپنیوں، اداروں، رینٹ اے کار کمپنیوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیاں اس منصوبے سے مستفید نہیں ہو سکیں گی۔ اسی طرح یہ رعائت ان افراد کو بھی نہیں حاصل ہو گی جو مسلسل تین ماہ تک متحدہ عرب امارات سے باہر ہوں گے۔