تحریک انصاف کا علیم خان کو خراج تحسین، گرفتاری پر اظہار افسوس

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ ہاو¿س میں تحریک انصاف پنجاب کی قیادت نے علیم خان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلٰی لاہور میں تحریک انصاف کی پارٹی اور حکومتی قیادت کا اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں صدر تحریک انصاف پنجاب اعجاز چوہدری، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، مشیرعون چوہدری ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل ، وزیر قانون بشارت راجہ، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان ،وزیر پراسیکوشن چوہدری ظہیرالدین اور وزیر جنگلات سبطین خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں علیم خان کی گرفتاری سے پیدا شدہ صورتحال پر مشاورت کی گئی جب کہ وزیر قانون بشارت راجہ نے گرفتاری اور قانونی پہلووں پر شرکا کو بریف کیا۔اجلاس میں تحریک انصاف کی قیادت نے عبدالعلیم خان کے ساتھ مکمل طورپر اظہار یکجہتی کیا اور پارٹی کے لئے خدمات کو سراہا، انہوں نے علیم خان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ عبدالعلیم خان کے معاملے پر سیاست نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی قسم کی بیان بازی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیب نے مستعفی وزیر بلدیات پنجاب علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں نیب لاہور میں طلب کیا تھا جہاں سینئر وزیر پیش ہوئے اور نیب کے سوالوں کے جوابات دیے لیکن تسلی بخش جواب نہ دینے کے باعث نیب نے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   موبائل فون کارڈز پر تمام ٹیکس بحال