حکومتی وعدے کی تکمیل، انصاف ہیلتھ کارڈ کا اجراءکر دیاگیا

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک بڑے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے انصاف ہیلتھ کارڈ کا اجراءکر دیا ہے، اس پروگرام کا بنیادی مقصد غریب ترین طبقات کو علاج معالجے کے لئے ایک تحفظ فراہم کرنا ہے، 20 فروری سے اس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے چار اضلاع تک بڑھایا جائے گا، ثانیہ نشتر کی سربراہی میں ادارہ برائے غربت مٹاﺅ قائم کر دیا گیا ہے، غربت مٹاﺅ سے متعلق تمام اداروں کو اس ادارے کے ماتحت لایا جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے دوسرے مرحلے میں تنخواہ دار طبقے کے لئے بھی ایک پیکج لایا جائے گا،
انھوں نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے خون کے ٹیسٹ میں این آر او کی کمی پائی گئی ہے، باقی تمام ٹیسٹ درست ہیں، آصف علی زرداری اور سندھ کی قیادت لندن اور دبئی میں ہوتی ہے اور ان کے مفادات بھی وہیں پر ہیں، انہیں سندھ کے عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، وفاق سندھ کے غریب ترین اور پسماندہ علاقے تھر کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا، وہ پیر کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں وفاقی وزیر قومی صحت خدمات عامر محمود کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے پہلے مرحلے کے دوران پاکستان کے غریب ترین طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، وزارت صحت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، صوبائی بیت المال، محکمہ زکوة و عشر سے ڈیٹا حاصل کر کے غریب اور مستحقین تک صحت کارڈ پہنچائے جائیں گے، اس ضمن میں غربت کے خاتمے سے متعلق تمام اداروں کو یکجا کر کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم بنایا گیا ہے جس کی سربراہی ثانیہ نشتر کو دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے دوسرے مرحلے میں 75 ہزار روپے سے ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے طبقے کے لئے پیکج لایا جا رہا ہے جس میں حکومت کے ساتھ ساتھ کچھ حصہ ملازمین کو بھی ادا کرنا پڑے گا، اس سے تنخواہ دار طبقے کو فیملی ہیلتھ انشورنس میسر ہو سکے گی، تنخواہ دار طبقے کے لئے اس اقدام کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں بوجھ کم ہو جائے گا اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی بہترین علاج معالجہ کی سہولت میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی قیادت تو اکثر و بیشتر دبئی اور سندھ ہوتی ہے، انہیں تھر جیسے پسماندہ علاقے سے کوئی لگاﺅ نہیں ہے، اسی لئے وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تھر میں صحت کے معاملات کی سرپرستی وفاق خود کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ اور دیگر امور کو یقینی بنانے کے لئے موجودہ حکومت میڈیا سے متعلق ایک ریگولیٹری اتھارٹی پر کام کر رہی ہے اس اتھارٹی کے فعال ہونے کے بعد نوکریوں سے نکالے جانے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ایک بہتر پلیٹ فارم میسر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی اور عوام کو خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں