اپوزیشن کا اسمبلی سے واک آؤٹ حکومت پردباؤ ڈال کر این آراو لینے کیلئے ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے اپوزیشن کا واک آؤٹ حکومت پر دباؤ ڈال کر این آر او لینے کیلئے ہے۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ہر سال پارلیمنٹ پر عوام کے ٹیکس کے کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور اپوزیشن کی جانب سے اجلاس سے ایک اور واک آؤٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن صرف یہی کر سکتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات حکومت پر دباؤ ڈالنے اور این آر او لینے کیلئے ہیں، اس طرح کرپشن کے خلاف احتساب کو نہیں روکا جاسکتا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کے مقدمات تحریک انصاف کے بنائے ہوئے نہیں ہیں۔