لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)شہبازشریف نے کہاہے کہ دوست ممالک جو اس وقت پاکستان کی مدد کررہے ہیں ،سعودی عرب ، امارات اور چین کی مہربانی ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کو آگئے ہیں لیکن اس میں حکومت یا عمران خان کا کوئی کمال نہیں ہے ، یہ افواج پاکستان کے سربراہ کو امداد مل رہی ہے ، اس میں کسی کو شبہ میں نہیں رہنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کا ٹھیکہ جس کمپنی کو دیا گیا وہ زراق داﺅد سے تعلق رکھتی ہے اور رزاق داﺅد اس کے حصے دار ہیں ، یہ حکومت جو شفافیت اور میرٹ کادن رات ڈھنڈورا پیٹتی رہی ہے لیکن پانچ ماہ ہوگئے ہیں اور اتنا بڑا منصوبہ سنگل بڈ پر دیدیا گیا ، ہوسکتاہے کہ دوبارہ کوشش کرنے سے یہ ٹھیکہ 309ارب روپے کی بجائے ڈھائی سوارب تک چلا جاتا ، ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کا منصوبہ شفافیت اور پیپرا قوانین کے بھی خلاف ہے ، اس معاملے کو ایک ہاﺅس کمیٹی کے سپرد ہونا چاہئے اور جب تک ہاﺅس کمیٹی اس پر فیصلہ نہ دے ، اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہونا چاہئے ۔
