ریاست مدینہ کے سوال پر فیاض الحسن چوہان سیخ پا ہوگئے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان ریاست مدینہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے صحافیوں کو نازیبا الفاظ سے نوازا اور الحمرا آرٹ کونسل میں منعقدہ تقریب سے رخصت ہوگئے.وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان الحمرا آرٹ کونسل میں جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کی یاد میں سجائی گئی تصویروں کی نمائش میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے قاضی حسین احمد کے خواب کو وزیراعظم عمران خان پورا کریں گے، جرات اور ہمت کے بغیر کوئی لیڈر نہیں بنتا، قاضی حسین احمد اور عمران خان کا ایک ہی موقف ہے، عمران خان ان کے نقشے قدم پر ہی عمل پیرا ہوں، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنایا جائیگا ، قاضی حسین کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ کی حکومت پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا دعوی کررہی ہے لیکن امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ ریاست مدینہ کا وعدہ کھوکھلا نعرہ ثابت ہوا ہے اور اس جانب عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اس سوال کے جواب میں فیاض چوہان برہم ہوگئے اور میڈیا کو نازیبا الفاظ سے نوازتے ہوئے رخصت ہوگئے۔
صحافیوں نے میڈیا کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر احتجاج کیا اور فیاض الحسن چوہان کی گاڑی روکتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ صحافیوں نے زور دیا کہ حکومتی وزرا اپنا رویہ بہتر کریں۔واضح رہے کہ میڈیا نمائندوں کے سوالات کا سامنا کرنا تحریک انصاف کے وزرا کی برداشت سے باہر ہوگیا ہے۔ چند روزقبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا بزرگ صحافی سے الجھ پڑے تھے اور تلخ کلامی کی تھی جس پر دیگر صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

6 thoughts on “ریاست مدینہ کے سوال پر فیاض الحسن چوہان سیخ پا ہوگئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *