قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی

دوحا(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی وزیر اعظم عمران خان کی درخواست منظور کرلی عمران خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امیر قطر سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت پاکستان نے قطری قیادت کو ایک لاکھ پاکستانی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس کا مثبت جواب دیتے ہوئے قطرنے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیر اعظم عمران خان نے درخواست قبول کرنے پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2022ء میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی اور امیرقطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے، زراعت، پٹرولیم، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی.
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے قطر میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک سنبھالا تو 20 رنز پر4 آؤٹ ہوچکے تھے لیکن مجھے دباؤ میں کھیلنا آتا ہے، میانداد اورعمران خان وکٹ پرکھڑے ہیں، عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی بہت قدر کرتا ہوں، یہی لوگ اصل ہیرو ہیں، پاکستان کے ولن وہ لوگ ہیں جو ملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں، ڈالرزکی کمی سے ملکی روپیہ گرتا ہے۔

2 thoughts on “قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *