ساہیوال فائرنگ، شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل،دلہا رہ تکتا رہ گیا

بورے والا (مانیٹرنگ ڈیسک)ساہیوال میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین پر قیامت ٹوٹ پڑی ،بورے والا میں شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ بورے والا کے نواحی گاؤں 293 ای بی میں برقی قمموں سے سجا شادی کا گھر جہاں مہندی کی رسم تھی، گاؤں کے سارے رشتے دارموجود تھے۔ بس لاہور سے آنے والے رشتے داروں کا انتظار تھا، لیکن ساہیوال کے قریب محمد خلیل، اس کی بیوی نبیلہ اور بیٹی اریبہ کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں، جہاں ڈھولکی بجنی تھی وہاں کہرام مچ گیا۔ دولہا رضوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کزن خلیل کو بار بار فون کرتا رہا لیکن فون نہیں لگا۔ گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے خلیل احمد کا خاندان اچھی شہرت کا حامل ہے، خلیل احمد کا لاہور میں جنرل اسٹور بھی ہے۔ گاؤں کے لوگوں نے خلیل احمد ، اس کی بیوی اور بیٹی کی سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے اس طرح ہلاکت پر پر شدید احتجاج کیا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔