حکومتی اتحاد میں دراڑیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی کو منانے میں ناکام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مسلم لیگ ق کے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئے اور اب انہوں نے اپنی اتحادی جماعت کے تحفظات اور مطالبات کو وزیراعظم عمران خان کے پاس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی گزشتہ شب ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ چوہدری پرویز الہی نے عثمان بزدار سے شکوہ کیا کہ آپ اور آپ کی قیادت سے اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے تھے ان پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا، یہ بھی طے ہوا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں ق لیگ کو دو دو وزارتیں ملیں گی لیکن ایسا نہ ہوا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس بات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔ چوہدری پرویز الہی نے عثمان بزدار سے کہا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے لیکن پھر بھی معاملات صحیح طرح نہیں چل رہے۔ وزیراعلی پنجاب نے پرویز الہی کو یقین دہانی کرائی کہ ق لیگ کے مطابق جو بھی پوسٹنگ ٹرانسفر اور دوسرے انتظامی کام ہیں وہ فوری ہوں گے۔ تاہم چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اتحادیوں کے درمیان جو معاہدے ہوتے ہیں ان پر عمل ہونا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہی کی شدید خفگی دور نہ ہوئی اور وزیر اعلی انہیں منانے میں ناکام رہے۔ ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر کے استعفے کا معاملہ بھی حل نہ ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں:   جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے نماز کی امامت کرنے پر پابندی، پولیس نے مرکز کو بھی تالا لگا دیا

Related

اپنا تبصرہ بھیجیں